نئی دہلی ،5؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)عام آدمی پارٹی اب کھل کر کمار وشواس کے خلاف کھڑی ہو گئی ہے۔کل تک آپ لیڈر سنجے سنگھ کہہ رہے تھے کہ کمار وشواس ناراض ہیں تو ان کو منائیں گے لیکن پارٹی کے دوسرے بڑے لیڈر گوپال رائے کا کہنا ہے کہ وہ ناراض نہیں ہیں بلکہ ان سے تمام لوگ ناراض ہیں۔گوپال رائے نے کہا کہ ان کے ناراض ہونے کی کوئی وجہ نہیں ہے ناراض تو سارے لوگ ان سے ہیں۔جو وعدے انہوں نے پارٹی سے کئے وہ پورا کرنے کی جگہ پوری پارٹی میں تفریق کرتے رہے اور پھر بھی امید کرتے رہے کہ راجیہ سبھا میں بھیج دیا جائے اور پھر ناراض ہو کر بیٹھے ہیں۔ان کوٹھنڈے دماغ سے گزشتہ آٹھ ماہ کی سرگرمیوں پر نظر ثانی کرنا چاہئے پارٹی نے ابھی تک صرف یہی فیصلہ کیا ہے کہ راجیہ سبھا ان کونہیں بھیجا جائے گا اس کے علاوہ کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔دراصل جمعرات کو پارٹی کارکنوں کو یہ وضاحت کرنے کے لئے کہ آخر بیرونی امیدواروں کو راجیہ سبھا کیوں بھیجا جا رہا ہے پارٹی کے سینئر لیڈر گوپال رائے نے فیس بک لائیو کیا جب کمار وشواس کا سوال آیا تو گوپال رائے نے کمار وشواس پر سنسنی خیز الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ کمار وشواس نے کیجریوال کی حکومت گرانے کی سازش رچی تھی اور وہ مسلسل پارٹی کے خلاف بول رہے تھے لہٰذا پارٹی نے ان کوراجیہ سبھا نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔گوپال رائے نے کہاکہ اروند کیجریوال نے اورعام آدمی پارٹی نے بہت حد تک کوشش کی کہ یہ سب چیزیں صحیح ہوجائیں لیکن اگلے 6سال کے لئے راجیہ سبھا کا فیصلہ لینے کی جہاں تک بات ہے پارٹی نے فیصلہ کیا کہ جس شخص کے اندر اتنی منفی چیزیں ہوں اس کو راجیہ سبھا میں بھیج کر پارٹی کے حق میں بہتر نہیں ہوگا۔